بھٹکل 20/جولائی (ایس او نیوز) ایک عجیب و غریب حادثے میں بھٹکل کے دو نوجوان شدید زخمی ہوگئے جن میں ایک کی حالت انتہائی نازک بتائی گئی ہے اور اُسے بھٹکل سے کنداپور اور اُڈپی کے بعد اب آخری اطلاع کے مطابق مینگلور شفٹ کیا جارہا ہے۔
اطلاع کے مطابق بھٹکل تعلقہ کے شرالی میں واقع ایک ندی میں کچھ نوجوان تیر رہے تھے کہ اس دوران ایک نوجوان کافی بلندی سے ندی میں چھلانگ لگا ئی، اس موقع پر ندی میں پہلے سے موجود دوسرا نوجوان پانی سے اپنا سر باہر نکال رہا تھا، جیسے ہی اُس نے اپنا سر پانی سے باہر نکالا، اُسی وقت چھلانگ لگانے والے نوجوان کا سر اُس کے سر سے ٹکراگیا۔ ایک دوسرے سے ٹکر لگتے ہی دونوں پانی میں ڈوب گئے۔ مگر موقع پر موجود دیگر دوستوں نے فوری طور پر دونوں کو باہر نکالتے ہوئے بھٹکل سرکاری اسپتال پہنچایا۔
چھلانگ لگانے والے نوجوان کی شناخت بھٹکل بدریہ کالونی کے رہنے والے شٔعیِب ابن شبیر شیخ (20) کی حیثیت سے کی گئی ہے جبکہ ندی میں پہلے سے موجود نوجوان کی شناخت بھٹکل کی جانی پہچانی شخصیت مولوی خلیل الرحمن مُنیری کے فرزند محی الدین مروان (19) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
حادثے میں دونوں نوجوان بہت بری طرح زخمی ہوئے اور دونوں کو فوری طور پر پہلے کنداپور پھر بعد میں اُڈپی لے جایا گیا، البتہ بعد میں شٔعیِب کی حالت کافی تشویشناک ہونے کی وجہ سے اسے رات دیر گئے مینگلور شفٹ کیا گیا ہے۔
ساحل آن لائن سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے مروان کے والد مولوی خلیل الرحمن مُنیری نے بتایا کہ مروان کی ایک انکھ کے قریب واقع ہڈی کریک ہوگئی ہے جبکہ ایک رگ میں خون بلاک ہوگیا ہے، انہوں نے بتایا کہ مروان ویسے تو انتہائی نگہداشت والے کمرہ (ICU) میں ہے، مگر وہ ہوش میں ہے اور اُن کے ساتھ بات چیت بھی کی ہے۔ جناب مولوی خلیل الرحمن مُنیری نے اس کی جلد صحت یابی کے لئے تمام قارئین سے دُعا کی درخواست کی ہے۔
دوسرا نوجوان شٔعیِب کی حالت انتہائی نازک بتائی گئی ہے، اس کے ساتھ موجود اس کا ایک دوست امتیاز نے فون پر بتایا کہ رات دیر گئے اُڈپی اسپتال کے ڈاکٹر کے جواب دینے کے بعد اب اسے مینگلور لے جایا گیاہے۔ اس کے مطابق شٔعِیب کی ریڑھ کی ہڈی غالباً ٹوٹ گئی ہے، جس کی وجہ سے اس کے نیچے کا عضو کام نہیں کررہا ہے۔ امتیاز نے بتایا کہ شعیِب کی حالت انتہائی تشویشناک ہے اس نے بھی تمام لوگوں سے اس کی جلد صحت یابی کے لئے خصوصی دعا کی درخواست کی ہے۔
مولوی خلیل صاحب نے بتایا کہ ان کا فرزند مروان جو جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں عالمیت کے آخری سال میں ہے، آج جمعرات دوپہر کے کھانے کے بعد اپنے چار پانچ دوستوں کے ساتھ شرالی پورٹ ندی میں تیرنے کے لئے نکلا تھا، دوپہر قریب 3:30 بجے حادثہ پیش آنے کی اطلاع موصول ہوئی۔
دوسرا نوجوان شعیِب کے تعلق سے بتایا گیا ہے کہ یہ نوجوان وہاں دوسرے ایک گروپ کے ساتھ تیررہا تھا، یہ سرکاری اسکول میں زیرتعلیم ہے۔ بدریہ کالونی میں رہنے والے شعیِب کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ نہایت غریب نوجوان ہے اور اس کے والدین محنت مزدوری کرتے ہیں۔
والدین شعیب کے علاج کو لے کر سخت پریشان ہیں اور قارئین سے دعائوں کے ساتھ ساتھ مالی تعائون کی بھی درخواست کی ہے۔والدین نے شعیِب کے علاج معالجہ کے لئے بھٹکلی جماعت المسلمین مینگلور کے ذمہ داران سے بھی رابطہ کرتے ہوئے تعائون کی درخواست کی ہے۔
ادارہ ساحل آن لائن شعیِب کے علاج کے لئے تمام قارئین سے مالی تعائون کی درخواست کرتا ہے۔ مالی تعائون کے لئے ساحل آن لائن کے نمائندے محمد یحیٰ ہلارے سے موبائل نمبر 22450 27 990 91+ پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ قارئین اگر چاہیں تو ڈائرکٹ بھٹکلی جماعت المسلمین مینگلور کے توسط سے بھی اس نوجوان کی مالی مدد کرسکتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ دونوں نوجوانوں کو صحت کاملہ عاجلہ عطا فرمائے اور دونوں کو جلد سے جلد شفایاب کرے۔ اٰمین